Wed, September 16, 2026

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار منوج کمار 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار منوج کمار 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ممبئی : بالی ووڈ کے مشہور اداکار منوج کمار طویل علالت کے بعد 87 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ان کا انتقال جمعہ کے روز ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی ہسپتال میں دل کی پیچیدگیوں کے باعث ہوا۔ انہیں طویل عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا، اور ہسپتال کی رپورٹ کے مطابق ان کی موت کی دوسری وجہ جگر کی خرابی تھی۔

منوج کمار کے بیٹے، کنال گوسوامی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے والد کئی سالوں سے بیماری سے لڑ رہے تھے، اور وہ شکر گزار ہیں کہ ان کے والد نے پرامن طریقے سے دنیا کو الوداع کہا۔ ان کی آخری رسومات ہفتے کو پون ہنس قبرستان میں ادا کی جائیں گی۔

وہ  24 جولائی 1937 کو ایبٹ آباد (جو اس وقت برصغیر کا حصہ تھا اور اب پاکستان کے خیبر پختونخواہ میں واقع ہے) میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام ہری کرشنن گوسوامی تھا، اور انہوں نے 1957 میں فلم "فیشن" سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ 1961 میں "کانچ کی گڑیا" سے شہرت حاصل کی، لیکن وہ خاص طور پر حب الوطنی پر مبنی فلموں جیسے "اپکار" (1967)، "شہید" (1965)،  "کرانتی" (1981) اور "پورب اور پچھم" (1970)   کے لئے جانے جاتے ہیں۔ ان کی فلموں نے نہ صرف سنیما کی دنیا میں تبدیلی لائی، بلکہ قوم میں حب الوطنی کا جذبہ بھی اجاگر کیا۔

منوج کمار کو ان کی بے شمار خدمات پر 1992 میں پدم شری اور 2015 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ ان کا ماننا تھا کہ "سینما صرف تفریح کے لئے نہیں ہے، یہ قوم کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔" ان کے انتقال پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منوج کمار جی ہندوستانی سینما کے عظیم آئکن تھے، جن کی فلموں نے نہ صرف قومی فخر کو اجاگر کیا بلکہ لوگوں کو متاثر بھی کیا۔

ٹیگز: