نئی دہلی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور بھارتی پارلیمنٹ کی رکن کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ فلمی صنعت میں خواتین کو طویل عرصے سے محدود اور بعض اوقات غیر مناسب انداز میں پیش کیا جاتا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنیما میں خواتین کی نمائندگی کئی بار غیر متوازن اور سخت تصوراتی انداز میں دکھائی جاتی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہر منظر یا کردار کو تنقید کا نشانہ بنانا یا سوشل میڈیا پر غیر ضروری ردعمل دینا بھی مناسب نہیں۔
اداکاری سے سیاست کے میدان میں آنے والی 40 سالہ کنگنا رناوت نے اعتراف کیا کہ انہیں سیاسی زندگی میں کبھی کبھار یہ احساس ہوتا ہے کہ وہ حد سے زیادہ اداکاری کے انداز میں نظر آ رہی ہیں، اور یہ خدشہ بھی رہتا ہے کہ وہ ایک سیاست دان کے بجائے زیادہ ایک اداکارہ کے طور پر پہچانی جائیں۔
فلمی صنعت میں خواتین کے کرداروں سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اب مرکزی دھارے کے سنیما میں خواتین کو بااختیار کردار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم بعض مواقع پر انہیں اب بھی سطحی یا جسمانی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو صرف فلموں میں ہی نہیں بلکہ حقیقی زندگی میں بھی مختلف سطحوں پر غیر مناسب رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق عوامی مقامات، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ ماحول میں خواتین کو ایسے حالات پیش آتے ہیں، اس لیے صرف فلم انڈسٹری کو ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں۔