اسلام آباد : ملک میں مغربی ہواؤں کے طاقتور سسٹم کے داخل ہوتے ہی موسم کا نقشہ بدل گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے طول و عرض میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس نے ایک طرف جہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے وہیں کچھ علاقوں میں حادثات کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔
بلوچستان سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، قلعہ سیف اللہ کے علاقے میں گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات پیش آئے ہیں، جن کے نتیجے میں 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
لاہور و اسلام آبادموسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو سرد کر دیا ہے۔ شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسے، جس سے تپتی گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور کئی مقامات پر ژالہ باری کی بھی اطلاع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا یہ حالیہ سلسلہ 10 اپریل تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔