مسقط : ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف جوہری مذاکرات کے لیے عمان پہنچ گئے ہیں۔ امریکی وفد میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی سٹیو وٹکوف کے ساتھ شامل ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ عباس عراقچی آج صبح مسقط میں امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ ایران کا موقف ہے کہ وہ ان مذاکرات میں پورے اختیار کے ساتھ حصہ لے گا اور اس کا مقصد ایک منصفانہ، باہمی طور پر قابل قبول اور باوقار مفاہمت تک پہنچنا ہے۔
یاد رہے کہ ان مذاکرات کا آغاز پہلے ترکیہ میں ہونا تھا، لیکن ایران نے اس مقام کو تبدیل کرنے کی درخواست کی اور مذاکرات کو استنبول سے عمان منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایران نے مذاکرات میں صرف جوہری مسائل پر بات چیت کرنے کی شرط بھی رکھی اور علاقائی شراکت داروں کو شامل نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔