Wed, September 16, 2026

گلی کی صفائی کرنے والی لڑکی کی سوشل میڈیا پر شہرت، ماڈلنگ کی دنیا میں قدم

گلی کی صفائی کرنے والی لڑکی کی سوشل میڈیا پر شہرت، ماڈلنگ کی دنیا میں قدم

بنکاک :بنکاک میں روزمرہ کی مصروف زندگی میں صفائی کرنے والی ایک خاتون کی کہانی نے دنیا بھر کے دل جیت لیے، جب ایک روسی فوٹوگرافر نے ان کی قدرتی خوبصورتی کو کیمرے میں قید کر کے ٹک ٹاک پر شیئر کیا۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی، خاتون کی زندگی نے ایک نیا موڑ لے لیا اور اب وہ کئی مشہور برانڈز کی ماڈل بن چکی ہیں۔

28 سالہ نوپاجٹ "مین" سمبوونسٹ، جو دو بچوں کی ماں ہیں، بنکاک کی گلیوں میں صفائی کا کام کر رہی تھیں جب روسی فوٹوگرافر سیمیون ریزچیکوف کی نظر ان پر پڑی۔ مین کو اندازہ تک نہیں تھا کہ کوئی ان کی تصاویر لے رہا ہے، لیکن جلد ہی وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور صارفین نے ان کی خوبصورتی کو سراہا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد، مختلف ماڈلنگ ایجنسیوں اور میڈیا اداروں نے مین سے رابطہ کیا۔ انہوں نے تھائی میڈیا کو بتایا کہ وہ پچھلے ایک سال سے اسٹریٹ سویپر کے طور پر کام کر رہی تھیں اور اپنی زندگی سے مطمئن تھیں، لیکن یہ شہرت ان کے لیے غیر متوقع خوشی لے کر آئی ہے۔

مشہور تھائی میک اپ آرٹسٹ "ننگ چیٹ" نے مین کو مفت میک اوور کی پیشکش کی، جس کے بعد ان کی تصاویر نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ مین نے "بروئٹ" برانڈ کے لیے ماڈلنگ کی اور اب دیگر برانڈز کے ساتھ بھی معاہدے کر رہی ہیں۔

نوپاجٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ صفائی کا کام چھوڑ کر اب ماڈلنگ کی دنیا میں قدم جما رہی ہیں، اور وہ اس نئے سفر کے لیے پرجوش ہیں۔

ٹیگز: