اسلام آباد : پاکستان نے میانمار کے زلزلہ متاثرین کے لیے دوسری امدادی کھیپ متعلقہ حکام کے حوالے کر دی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق 70 ٹن امدادی سامان کی بروقت روانگی کو یقینی بنایا گیا۔
یہ امدادی سامان 35 ٹن پر مشتمل تھا، جو یانگون ایئرپورٹ پر میانمار کے حکام کے حوالے کیا گیا۔ پاکستان کے سفیر نے یہ سامان یانگون کے وزیر اعلیٰ کے حوالے کیا، جنہوں نے فوری امداد فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اس امداد میں تیار کھانا، کمبل، ترپالیں، خیمے، ادویات اور پانی کے ماڈیولز شامل ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں میانمار کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔