کراچی: کراچی انٹر بورڈ کے تحت 5 مئی 2025 سے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات آج سے شروع ہو گئے ہیں ، جن میں ایک لاکھ 26 ہزار 500 سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔ یہ امتحانات 29 مئی تک جاری رہیں گے۔
امتحانات میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے مختلف گروپ شامل ہیں، جن میں سائنس، پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل، اور ہوم اکنامکس کے ساتھ ساتھ اضافی سبجیکٹس اور امپروومنٹ کے امیدوار بھی شریک ہیں۔
امتحانات صبح اور شام کی 2 شفٹوں میں ہوں گے۔ صبح 9 سے 12 بجے تک پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات ہوں گے، جن میں تقریباً 92 ہزار طلبہ شریک ہوں گے، جبکہ شام 2 سے 5 بجے تک سائنس جنرل کے امتحانات لیے جائیں گے، جن میں 34 ہزار 500 کے قریب امیدوار حصہ لیں گے۔
سالانہ پرچوں کے لیے 182 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 122 مراکز صبح کی شفٹ کے لیے اور 60 شام کی شفٹ کے لیے ہیں۔ ان مراکز میں 36 کو حساس قرار دیا گیا ہے تاکہ امتحانات کی شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
اس کے علاوہ، امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ ہر پرچے میں مخصوص کوڈ شامل کیے گئے ہیں، اور نقل میں ملوث طلبہ کو تین سال تک نااہل قرار دینے کی سزا دی جائے گی۔ چیئرمین انٹر بورڈ غلام علی نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے واٹس ایپ پر پرچہ اپ لوڈ کیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔