اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ دوسری جانب پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند کی صورتحال بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا میں بارشوں کی پیشگوئی کے باعث پی ڈی ایم اے (صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی قدرتی آفات سے نمٹا جا سکے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ اس دوران سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اسکردو میں منفی 7، زیارت میں منفی 6، گوپس میں منفی 5، گلگت اور کوئٹہ میں منفی 4 اور چترال، دیر اور قلات میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔