اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے، اور کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی رہے گی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، جس سے موسم مزید سست اور ٹھنڈا ہو جائے گا۔
ملک کا سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ گلگت بلتستان اور قلات میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری تک جا پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو دنوں میں بالائی علاقوں میں رات کا درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 5 دسمبر سے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقے اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ 6 دسمبر کو ان علاقوں میں بارش اور برفباری جاری رہ سکتی ہے، اور 7 دسمبر کو گلگت بلتستان میں مزید برفباری اور بارش ہو سکتی ہے۔
اس پیشگوئی کے پیش نظر عوام کو خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے سے پہلے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور سرد موسم کے دوران گرم لباس پہننے کا مشورہ دیا گیا ہے۔