لاہور: پنجاب اسمبلی نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
یہ قرارداد صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے ایوان میں پیش کی، جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ بھارت اپنے تمام غیر قانونی اقدامات واپس لے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و جبر ناقابل برداشت ہے اور اس کے خلاف عالمی برادری کو فوری آواز اٹھانی چاہیے۔
ایوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل تائید کرتا رہے گا۔