Wed, September 16, 2026

"بیڈ کار" بھارت میں وائرل: ایک انوکھا جگاڑ سڑکوں پر رواں دواں

مرشد آباد : بھارت کو "دیسی جگاڑ" کا مرکز مانا جاتا ہے اور مغربی بنگال کے ایک نوجوان نے اس تاثر کو ایک بار پھر سچ کر دکھایا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں نواب شیخ نامی شخص کو ایک انوکھی سواری چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے — ایک ایسا بستر جو پہیوں پر رواں دواں ہے۔

یہ "بیڈ کار" مکمل طور پر موٹرائزڈ ہے اور اس میں بریک، اسٹیئرنگ اور چار پہیے نصب ہیں۔ بستر پر رنگین چادر، تکیے اور گدا بھی موجود ہے، جب کہ دونوں اطراف آئینے بھی لگائے گئے ہیں، جو اس ’جگاڑ‘ کو ایک مکمل ڈیزائن کی شکل دیتے ہیں۔

ویڈیو میں نواب شیخ کو شاہ رخ خان کے مشہور انداز میں کھڑے ہو کر پوز دیتے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد وہ پرسکون انداز میں گاڑی چلانے لگتے ہیں۔ مرشد آباد کی سڑکوں پر ان کی یہ بیڈ کار لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔


جہاں کئی صارفین نے اس تخلیقی صلاحیت کو خوب سراہا ہے، وہیں کچھ افراد نے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا:
"کیا اس بیڈ کار کے لیے کسی متعلقہ ادارے سے اجازت لی گئی ہے؟ سڑکوں پر ایسی غیر روایتی سواریوں کو چلانا ضابطوں کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔"

اب تک مقامی انتظامیہ یا ٹریفک حکام کی طرف سے کوئی وضاحت یا کارروائی سامنے نہیں آئی، تاہم اس تخلیق نے ایک نئی بحث کو ضرور جنم دیا ہے۔

ٹیگز: