واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں کوئی بڑی پیشرفت نظر آتی ہے، لیکن یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا یہ بات چیت آخرکار کسی نتیجے تک پہنچتی ہے یا نہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، لیکن ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا کہ اگلی ملاقات کہاں ہو گی۔ ایک موقع پر صدر نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں ایران کو مذاکرات کا موقع دیا گیا تھا، مگر اس کا کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا، جس کے بعد امریکا نے "آپریشن مڈ نائٹ ہیمر" کا آغاز کیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ایران دوبارہ ایسی کارروائی چاہے گا۔
پچھلے دنوں بھی صدر ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے کہا تھا کہ وینزویلا بھیجے گئے امریکی بحری بیڑے سے بھی بڑا بیڑہ ایران کی طرف جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے پا گیا تو یہ بہتر ہوگا، لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔