نئی دہلی: بھارت کے جنتر منتر میں ہونے والے احتجاج کے دوران بنائی گئی ایک مختصر ویڈیو نے نوجوان کانٹینٹ کریئیٹر ابھینو بشٹ کو غیرمعمولی شہرت دلا دی تھی ، جبکہ ان کے منفرد انداز نے بالی ووڈ شخصیات کی بھی توجہ حاصل کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، احتجاج کے موقع پر ابھینو بشٹ کی بنائی گئی انسٹاگرام ریل تیزی سے وائرل ہوئی، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ معروف اداکار انوپم کھیر نے بھی اپنے ساتھی فنکاروں کے ساتھ اسی طرز پر ایک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جسے صارفین کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔
ابھینو بشٹ کا کہنا ہے کہ وہ احتجاج میں صرف ماحول دیکھنے اور تفریح کی غرض سے گئے تھے۔ ان کے بقول، انہیں اس بات کی توقع نہیں تھی کہ وہاں بنائی گئی ویڈیوز اتنی زیادہ وائرل ہو جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ویڈیوز کی مقبولیت کے بعد ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد تقریباً 5 ہزار سے بڑھ کر 9 لاکھ تک جا پہنچی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنتر منتر سے شیئر کیے گئے منفرد مواد نے انہیں سوشل میڈیا پر نئی شناخت اور کیریئر میں غیرمعمولی کامیابی دلائی۔