اسلام آباد :وفاقی حکومت نے بڑھتے ہوئے معاشی چیلنجز اور بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ملک گیر توانائی بچت مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی حتمی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت دکانوں اور شادی ہالز کے بند ہونے کے اوقات محدود کر دیے گئے ہیں۔ تمام صوبائی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ان نئے احکامات پر آج ہی سے سخت عملدرآمد شروع کروائیں۔
ملک بھر میں تمام چھوٹی بڑی دکانیں، تجارتی مراکز، بازار اور شاپنگ مالز اب روزانہ رات 9:00 بجے بند کر دیے جائیں گے۔تمام شادی ہالز، مارکیاں اور کمرشل ایونٹس کے مقامات کے لیے رات 10:00 بجے کی آخری حد مقرر کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ وقت کے بعد لائٹس آن رکھنے یا کاروبار کھلا رکھنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، گرمیوں کے اس عروج پر کاروباری اوقات کو محدود کرنے سے روزانہ کروڑوں روپے مالیت کے ایندھن اور بجلی کی بچت ہوگی۔ تاجر برادری نے بھی بجلی کے بھاری بلوں اور لوڈ شیڈنگ سے بچنے کے لیے حکومت کے اس دستاویزی اقدام پر تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔