Wed, September 16, 2026

سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ: صوبے بھر میں کاروباری مراکز اور شادی ہالز کے اوقات کار تبدیل

سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ: صوبے بھر میں کاروباری مراکز اور شادی ہالز کے اوقات کار تبدیل

کراچی : سندھ حکومت نے ملک گیر کفایت شعاری مہم کے تحت صوبے بھر میں مارکیٹوں، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے لیے نئے اور محدود اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد توانائی کی بچت اور معاشی بوجھ کو کم کرنا ہے۔جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق، کراچی اور حیدرآباد سمیت تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کر دیے جائیں گے۔ تاہم، دیگر اضلاع میں تمام کاروباری مراکز کے لیے رات 8 بجے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
 نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس اب صرف شام 7 بجے سے رات ساڑھے 11 بجے تک کام کر سکیں گے۔ اسی طرح، شادی ہالز اور بینکوئٹس کو رات 8 بجے سے 12 بجے تک کی محدود اجازت دی گئی ہے، جس کے بعد لائٹس بند کرنا لازمی ہوگا۔عوام کی سہولت اور ہنگامی حالات کے پیشِ نظر بعض شعبوں کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ تندور، دودھ کی دکانیں، بیکریاں اور میڈیکل سٹورز حسبِ معمول اپنے مقررہ اوقات تک کھلے رہ سکیں گے۔ سندھ حکومت نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان نئے اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

ٹیگز: