اسلام آباد: عید کی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں نافذ العمل کفایت شعاری مہم کے ضابطوں میں عارضی طور پر نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی توثیق کے بعد کابینہ ڈویژن نے اس رعایت کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے متن کے مطابق، گزشتہ ماہ 6 اپریل سے نافذ کیے گئے سخت معاشی اقدامات اور پابندیوں کو اب 31 مئی تک کے لیے لچکدار بنا دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے بازاروں اور تجارتی مراکز پر رات 8 بجے کاروبار بند کرنے کی لٹکتی تلوار ہٹ گئی ہے اور انہیں اس پابندی سے عارضی استثنیٰ مل گیا ہے۔
حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عید کے سیزن میں تاجروں کو کاروباری آسانی فراہم کرنا ہے تاکہ مارکیٹوں میں خریداروں کے رش کے پیشِ نظر معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور شہری بھی سکون سے خریداری کر سکیں۔