کراچی: حکومتِ سندھ نے تاجر برادری اور عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے صوبے بھر میں کاروباری مراکز کی جلد بندش کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن کے تحت اب تمام تجارتی سرگرمیاں وقت کی کسی پابندی کے بغیر جاری رکھی جا سکیں گی۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے حکومت کے اس تاجر دوست فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کی تمام دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹل، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، شادی ہالز اور مارکیز اب بندشِ اوقات کے قانون سے آزاد ہوں گے۔ تمام کاروباری ادارے اب کسی رکاوٹ کے بغیر چوبیس گھنٹے یا اپنے معمول کے شیڈول کے مطابق کام کر سکتے ہیں۔
حکومتی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے واضح کیا سندھ حکومت صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے، شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے عزم پر کاربند ہے۔ اس ریلیف سے معاشی سرگرمیوں کو نئی زندگی ملے گی۔
معاشی ماہرین اور تاجر تنظیموں نے سندھ حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے خاص طور پر ہوٹل انڈسٹری اور رات کے وقت کام کرنے والے چھوٹے کاروباروں کو بہت فائدہ پہنچے گا اور صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔