کیلیفورنیا:اگر آپ گوگل ایپ میں صرف ویب آرٹیکلز کے لنکس دیکھ دیکھ کر بور ہو چکے ہیں تو آپ کے لیے خوشخبری ہے۔
گوگل نے اپنی ڈسکور فیڈ میں متعدد نئے فیچرز متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے، جس سے صارفین کو نہ صرف ویب سائٹس بلکہ دیگر متنوع اور دلکش مواد بھی دیکھنے کا موقع ملے گا۔
بہت جلد گوگل ڈسکور میں انسٹاگرام اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی پوسٹس کو بھی شامل کیا جائے گا، اور ساتھ ہی یوٹیوب شارٹس ویڈیوز کو بھی دیکھا جا سکے گا۔
گوگل کی ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرچ کے دوران صارفین کو اب ویڈیوز، سوشل میڈیا پوسٹس اور مختلف قسم کے مواد ایک جگہ دیکھنے کی سہولت میسر ہو گی۔
یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ، گوگل نے ڈسکور فیڈ کو زیادہ ذاتی نوعیت کا بنانے کے لیے نئے کسٹمائزیشن کے آپشنز متعارف کرائے ہیں۔
صارفین اب اپنی پسندیدہ ویب سائٹس، تخلیق کاروں اور پبلشرز کو فالو کر سکیں گے تاکہ ان کا تازہ ترین مواد با آسانی فیڈ میں نظر آئے۔
اسی طرح، کسی بھی تخلیق کار کے نام پر کلک کر کے اس کی سوشل میڈیا پوسٹس اور مضامین کا مختصر جائزہ بھی لیا جا سکے گا۔
اس سے پہلے گوگل نے AI کی مدد سے مواد کے خلاصے فراہم کرنے کا فیچر بھی متعارف کروایا تھا۔
یہ اپڈیٹس گوگل ڈسکور کو مزید متحرک، دلکش اور صارفین کی دلچسپی کے مطابق بنائیں گی۔