Wed, September 16, 2026

ٹیسلا کی سبقت ختم، چینی کمپنی بی وائے ڈی الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں نمبر ون

ٹیسلا کی سبقت ختم، چینی کمپنی بی وائے ڈی الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں نمبر ون

بیجنگ :الیکٹرک گاڑیوں کی عالمی صنعت میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں چینی کمپنی بی وائے ڈی (BYD) نے فروخت کے میدان میں ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے دوران بی وائے ڈی نے دنیا بھر میں 22 لاکھ 50 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں فروخت کیں، جبکہ امریکی کمپنی ٹیسلا کی فروخت تقریباً 16 لاکھ گاڑیوں تک محدود رہی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹیسلا کو حالیہ عرصے میں ایلون مسک کی سیاسی سرگرمیوں کے باعث عوامی تنقید اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جس کا اثر کمپنی کی فروخت پر بھی پڑا۔ اس کے برعکس بی وائے ڈی نے کم قیمت اور جدید ٹیکنالوجی کی حامل گاڑیوں کے ذریعے عالمی صارفین کو اپنی جانب متوجہ کیا۔

بی وائے ڈی نہ صرف الیکٹرک کاریں بلکہ جدید بیٹری سسٹمز، الیکٹرک بسیں اور توانائی کے متبادل حل بھی تیار کرتی ہے، جس نے اسے الیکٹرک وہیکل سیکٹر میں ایک مضبوط اور ہمہ جہت کمپنی بنا دیا ہے۔

کم لاگت پیداواری ماڈل اور تیز رفتار ترقی کے باعث بی وائے ڈی کو اب ٹیسلا سمیت دیگر عالمی آٹو کمپنیوں کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: