برطانیہ: چینی الیکٹرک کار ساز ادارہ BYD نے بتایا ہے کہ برطانیہ میں اس کی گاڑیوں کی فروخت گزشتہ ماہ گزشتہ سال کی نسبت 880 فیصد بڑھ گئی ہے۔ کمپنی نے ستمبر میں برطانیہ میں 11,271 گاڑیاں فروخت کیں جو اپنی نوعیت کا نیا ریکارڈ ہے۔
برطانیہ اب BYD کی چین کے علاوہ سب سے بڑی بین الاقوامی مارکیٹ بن چکا ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ برطانیہ نے یورپی یونین اور امریکہ کے برخلاف چین سے الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر کوئی ٹیکس یا محصول عائد نہیں کیا۔
BYD کی گاڑیاں مغربی حریفوں کے مقابلے میں زیادہ اقتصادی اور کم قیمت پر دستیاب ہیں، جس کے باعث کمپنی نے برطانوی مارکیٹ میں اپنا حصہ 3.6 فیصد تک بڑھا لیا ہے۔
BYD کے برطانیہ کے منیجر بونو جی نے کہا کہ کمپنی جلد مزید ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کے نئے ماڈلز پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کاروبار کے امکانات بہت روشن ہیں اور حال ہی میں کمپنی نے یہاں اپنا 100 واں ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی کھولا ہے، جس سے توقع ہے کہ گاڑیوں کی فروخت میں مزید اضافہ ہوگا۔