Wed, September 16, 2026

چینی مارکیٹ سے ٹیسلا کے دو ماڈلز غائب

چینی مارکیٹ سے ٹیسلا کے دو ماڈلز غائب

بیجنگ: امریکی الیکٹرک گاڑیوں کی مشہور کمپنی ٹیسلا نے چین میں اپنی دو پرتعیش درآمدی گاڑیوں — ماڈل ایس اور ماڈل ایکس  کے لیے نئے آرڈرز لینا بند کر دیے ہیں۔

ٹیسلا کی چین میں آفیشل ویب سائٹ سے ان گاڑیوں کے ماڈلز پر موجود "آرڈر کریں" کا آپشن ہٹا دیا گیا ہے، جو اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ یہ گاڑیاں چینی صارفین کے لیے فی الحال دستیاب نہیں رہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، یہ دونوں ماڈلز نہ صرف ٹیسلا کی مرکزی ویب سائٹ بلکہ چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم وی چیٹ (WeChat) پر بھی آرڈر کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ اب صرف "دستیاب گاڑیاں دیکھیں" کا بٹن باقی رہ گیا ہے۔

اگرچہ ٹیسلا نے اس تبدیلی کے حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت پیش نہیں کی، تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ فیصلہ امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی تناؤ اور درآمدی محصولات میں اضافے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر نئے ٹیکس عائد کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں درآمد شدہ اشیاء، خصوصاً گاڑیاں، مہنگی ہو گئی ہیں۔ اسی باعث چینی خریدار اب مقامی سطح پر تیار کی گئی الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، ٹیسلا کا یہ اقدام مارکیٹ کی موجودہ صورتحال، صارفین کی ترجیحات میں تبدیلی اور تجارتی دباؤ کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا اسٹریٹجک فیصلہ ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: