لاس اینجلس: ہالی ووڈ کی مشہور ’اسپائیڈر مین‘ فلم سیریز کے اداکار جیکب بیٹالون کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انہوں نے اپنی منگیتر ویرونیکا لیہوف سے خاموشی سے شادی کر لی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، طویل عرصے سے تعلق میں رہنے والے اس جوڑے نے حال ہی میں محدود مہمانوں کی موجودگی میں نجی تقریب کے دوران شادی کی، تاہم دونوں کی جانب سے اس خبر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
جیکب اور ویرونیکا نے مارچ 2025 میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا اور اس موقع کی تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں۔
حالیہ دنوں میں دونوں مختلف تقریبات میں ایک ساتھ دکھائی دیے، جس کے بعد شادی کی قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئیں۔ ’اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘ کے پریمیئر میں جیکب بیٹالون کے ہاتھ میں انگوٹھی بھی دیکھی گئی۔
اس کے علاوہ ویرونیکا نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر اپنا نام تبدیل کرکے "ویرونیکا لیہوف بیٹالون" رکھ لیا ہے، جس کے بعد مداحوں کا خیال ہے کہ دونوں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو چکے ہیں، اگرچہ اس حوالے سے ابھی تک کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا۔