Wed, September 16, 2026

ایرانی صدر کا دورۂ پاکستان، آج اہم ملاقاتیں اور معاہدے متوقع

ایرانی صدر کا دورۂ پاکستان، آج اہم ملاقاتیں اور معاہدے متوقع

اسلام آباد: برادر اسلامی ملک ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد میں مصروف دن گزاریں گے۔ ان کی وزیر اعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کی وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔ اس دوران دوطرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر مسعود پزشکیان چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ ان کے اعزاز میں ایک ظہرانہ بھی رکھا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر پاکستان کی جانب سے ایران اسرائیل جنگ کے دوران دی گئی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کریں گے۔ اس حوالے سے انہوں نے ایرانی پارلیمان میں خطاب کے دوران بھی پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا تھا، جہاں "تشکر پاکستان" کے نعرے بھی لگائے گئے۔

ملاقاتوں میں توانائی، تجارت، سرحدی تعاون، زائرین کی سہولیات اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر گفتگو کا امکان ہے، جبکہ ایران کی جانب سے چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں شمولیت کی خواہش بھی موضوع بن سکتی ہے۔

ٹیگز: