جدہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ سعودی قیادت اور پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ترک صدر کی آمد پر جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔ استقبال کے موقع پر مکہ ریجن کے نائب گورنر مشعل بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی عرب میں ترکیہ کے سفیر امراللہ اشلر اور جدہ میں ترک قونصل جنرل مصطفیٰ اونال بھی موجود تھے۔
بعد ازاں صدر رجب طیب اردوان سڑک کے راستے مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے۔ دورے کے دوران سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقاتوں کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی امن و استحکام، دفاعی تعاون اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔