کراچی: کسٹمز انفورسمنٹ نے آٹھ کروڑ روپے مالیت کی گدھوں کی کھالوں کی غیر قانونی برآمد کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک کنٹینر ضبط کر لیا ہے۔ یہ کھالیں چین بھیجی جا رہی تھیں اور برآمدی دستاویزات میں چمڑے کی مصنوعات کے 285 پیکجز ظاہر کیے گئے تھے۔
کسٹمز انفورسمنٹ کے مطابق، ساؤتھ ایشیا پاکستان پورٹ (SAPT) ٹرمینل پر کسٹمز کے عملے نے رسک مینجمنٹ پروفائلنگ سسٹم کے تحت ایک کنٹینر کی جانچ پڑتال کی، جو کہ گرین چینل سے کلیئر ہو چکا تھا۔ اس دوران چمڑے کی مصنوعات کی آڑ میں گدھوں کی 14,000 کلوگرام کھالیں برآمد ہوئیں۔
ان کھالوں کی مالیت 8 کروڑ روپے بتائی گئی ہے اور کسٹمز ایکٹ کی دفعات کے تحت برآمد کنندہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چین کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر پاکستان سے گدھوں کا گوشت اور کھالیں برآمد کرنے کے لیے گوادر میں ایک فیکٹری قائم کی گئی ہے۔