کراچی :جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کسٹمز نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیرونِ ملک ڈالر سمگل کرنے کی دو الگ الگ کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 55 ہزار امریکی ڈالر ضبط کر کے لاکھوں روپے کی غیر ملکی کرنسی ملک سے باہر لے جانے کا منصوبہ خاک میں ملا دیا گیا۔
کسٹمز حکام نے تلاشی کے دوران تھائی لینڈ جانے والے ایک مسافر کو روکا، جس کے قبضے سے 31 ہزار امریکی ڈالر برآمد ہوئے۔ مسافر اتنی بڑی رقم کی قانونی دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہا، جس پر رقم ضبط کر لی گئی۔
ایک اور کارروائی میں برطانیہ کے لیے روانہ ہونے والی خاتون مسافر کو چیکنگ کے عمل سے گزارا گیا۔ تلاشی لینے پر خاتون کے سامان سے خفیہ طور پر چھپائے گئے 24 ہزار امریکی ڈالر برآمد ہوئے، جنہیں فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق دونوں مسافروں کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان کسٹمز کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر کرنسی اسمگلنگ کے خلاف مہم مزید تیز کر دی گئی ہے اور تمام مسافروں کے سامان کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔