Wed, September 16, 2026

بھارتی جارحیت پر پاکستان کی سفارتی مہم، دوسرا وفد روس کا رخ کرے گا

بھارتی جارحیت پر پاکستان کی سفارتی مہم، دوسرا وفد روس کا رخ کرے گا

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے تناظر میں اپنا مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کرنے کے لیے سفارتی مہم تیز کر دی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد آج ماسکو روانہ ہوگا جہاں وہ روسی حکام اور سفارتی حلقوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے اور پاکستان کے پُرامن اور قانونی موقف کو اجاگر کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اس سے قبل، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ایک وفد نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاسوں میں شریک ہے جہاں عالمی رہنماؤں اور سفارتکاروں سے ملاقاتیں کر رہا ہے۔


دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ سفارتی دورے عالمی برادری کو خطے میں پائیدار امن کے قیام، بھارت کی اشتعال انگیزی کی روک تھام اور سندھ طاس معاہدے کے مکمل نفاذ کی ضرورت سے آگاہ کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری طاقت کے طور پر بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملاقاتیں صرف رسمی نہیں بلکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم اقدامات ہیں جو بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کریں گے۔

ٹیگز: