نئی دہلی/اسلام آباد : بھارت میں عام انتخابات کا بگل بجتے ہی مودی سرکار نے اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست کو بچانے کے لیے روایتی "فالس فلیگ" ڈرامہ رچانے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ عالمی سطح پر کینیڈا اور امریکہ میں بھارتی نیٹ ورک کے بے نقاب ہونے اور حالیہ سفارتی ہزیمت کے بعد، نئی دہلی نے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ایک بار پھر پڑوسی ملک کے خلاف زہریلے پروپیگنڈے کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے۔
باوثوق ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، بھارتی جیلوں میں سالہا سال سے قید بے گناہ افراد کو اس مذموم منصوبے میں قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' سے منسلک سوشل میڈیا سیلز نے منظم طریقے سے یہ تاثر دینا شروع کر دیا ہے کہ ملک کو کوئی بڑا خطرہ لاحق ہے، جس کا مقصد کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خود ساختہ واقعے کو جواز فراہم کرنا ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے حالیہ دنوں میں استعمال کی گئی نازیبا اور غیراخلاقی زبان نے عالمی ایوانوں میں بھارت کا اصلی چہرہ واضح کر دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ تلخ کلامی دراصل اس ذہنی دباؤ کا نتیجہ ہے جو بھارت کو بین الاقوامی سطح پر اپنی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت سامنے آنے کے بعد محسوس ہو رہا ہے۔
بھارتی خفیہ اداروں کے زیرِ نگرانی کام کرنے والے 'ٹرول فارمز' نے پاکستان مخالف مہم میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ ان اکاؤنٹس کے ذریعے بے بنیاد الزامات اور من گھڑت ویڈیوز پھیلا کر فالس فلیگ آپریشن کے لیے سازگار ماحول تیار کیا جا رہا ہے تاکہ انتخابات میں مودی سرکار خود کو "مظلوم" اور "محافظ" ثابت کر کے ووٹ حاصل کر سکے۔