Wed, September 16, 2026

بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، لیکن پاکستان پہل نہیں کرے گا: اسحاق ڈار

بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، لیکن پاکستان پہل نہیں کرے گا: اسحاق ڈار

اسلام آباد :پاکستان نے بھارت کی جانب سے پہلگام حملے کے بعد لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے، اور بغیر ثبوت کے الزام تراشی ناقابل قبول ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے جس انداز میں الزامات عائد کیے اور میڈیا کے ذریعے ہائپ پیدا کی، وہ قابلِ افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بغیر کسی ثبوت کے الزام لگانا مضحکہ خیز ہے، جب کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ   پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف رہا ہے اور اس کے خلاف عالمی برادری کے ساتھ مل کر بھرپور کردار ادا کرتا آیا ہے۔ دہشت گردی کی اس جنگ میں ہماری سکیورٹی فورسز اور عوام نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت ماضی میں بھی ایسے واقعات کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا رہا ہے، جیسا کہ پلواما حملے کے وقت کیا گیا۔   یہ بھارت کا پرانا ہتھکنڈہ ہے جس کے تحت مقبوضہ کشمیر میں اپنی ناکامیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کی جاتی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایسے واقعات اکثر اس وقت ہوتے ہیں جب بھارت میں کوئی بین الاقوامی شخصیت دورہ کر رہی ہوتی ہے، اور ان واقعات کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر پیش کیا جاتا ہے تاکہ عالمی رائے عامہ کو گمراہ کیا جا سکے۔

وزیر خارجہ نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک میں بھی دہشت گردی کی پشت پناہی کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ایک تحقیقاتی کمیٹی کی تجویز پیش کی ہے۔

 بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بے نقاب ہوں گی:دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اس موقع پر کہا کہ بھارت میں قید پاکستانیوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا جا رہا ہے اور اس پر پاکستان جلد تفصیلی مؤقف پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے جس پر عالمی برادری کو سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے۔

اسحاق ڈار نے آخر میں سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام غیر قانونی اور ناقابل قبول ہے۔"معاہدے میں ایسی کوئی شق موجود نہیں جو بھارت کو یکطرفہ طور پر معاہدہ معطل کرنے کی اجازت دیتی ہو۔ اختلافات کا حل بات چیت اور مقررہ فورمز پر ہونا چاہیے۔

ٹیگز: