اسلام آباد :اسلام آباد میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم عدلیہ کی تقرریوں کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، جسٹس ظفر احمد راجپوت کو سندھ ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس بنانے کی منظوری دی گئی ہے، اور یہ معاملہ اب صدر کی حتمی منظوری کے لیے وزارت قانون کو بھیج دیا گیا ہے۔
اجلاس میں سپریم کورٹ میں مستقل جج کی تقرری پر بھی غور کیا گیا، جس کے نتیجے میں جسٹس میاں گل حسن کو سپریم کورٹ کا مستقل جج مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین سینئر ججز کے ناموں پر بھی غور کیا گیا، جن کے بارے میں فیصلہ وزارت قانون کے ذریعے صدر تک پہنچایا جائے گا۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے جسٹس کامران ملاخیل کا نام بھی منظور کر لیا گیا ہے، اور ان کی تقرری کا معاملہ بھی صدر کی حتمی منظوری کے لیے وزارت قانون کو بھیجا گیا ہے۔