Wed, September 16, 2026

الیکشن میں کامیابی عوام کے ووٹ سے ملتی ہے، الزامات سے نہیں: مریم اورنگزیب

الیکشن میں کامیابی عوام کے ووٹ سے ملتی ہے، الزامات سے نہیں: مریم اورنگزیب

لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر انتخابات میں پیپلز پارٹی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات رونے دھونے، شور شرابے یا الزامات لگانے سے نہیں بلکہ عوامی حمایت سے جیتے جاتے ہیں۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میرپور میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتراضات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے لیے عوام کے پاس جانا، ووٹ مانگنا اور ووٹرز کو پولنگ سٹیشن تک لانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف الزامات لگانے یا دھمکیاں دینے سے عوام کا فیصلہ تبدیل نہیں ہوتا، ووٹر کسی جماعت کی کارکردگی دیکھ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کرتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ میرپور کے بعد مظفرآباد ڈویژن میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی اعتماد حاصل کرنے کے لیے عملی کارکردگی دکھانا ضروری ہے، کیونکہ ووٹر ہی انتخابی میدان میں حتمی فیصلہ کرتا ہے۔

ٹیگز: