Wed, September 16, 2026

بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج پر شدید سیلاب کی پیشگی اطلاع دے دی

بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج پر شدید سیلاب کی پیشگی اطلاع دے دی

اسلام آباد : بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے بارے میں پیشگی آگاہ کر دیا ہے۔ وزارت آبی وسائل کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے وزارت کو بتایا ہے کہ ستلج میں شدید سیلاب متوقع ہے، خاص طور پر ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں علاقوں میں۔

وزارت نے متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کو سیلاب کے حوالے سے فوری الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔

دریائے ستلج کی تیز لہریں بورے والا کے علاقے میں تباہی مچا رہی ہیں۔ سیلاب کے باعث ایک لاکھ 90 ہزار کیوسک پانی بورے والا سے گزر رہا ہے، جس سے کئی حفاظتی بند ٹوٹ چکے ہیں اور سیلابی پانی اب ساہوکا تک پہنچ چکا ہے۔

زرعی زمینیں اور فصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں، خاص طور پر کپاس، دھان، مکئی اور تل کی فصلیں دریا برد ہو گئی ہیں، جس سے کسانوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔

مقامی باشندے اور کسان اب حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں تاکہ سیلاب کے اثرات کم کیے جا سکیں۔

ٹیگز: