Wed, September 16, 2026

دریائے ستلج میں شدید سیلاب کا خطرہ، متعلقہ اضلاع میں الرٹ جاری

دریائے ستلج میں شدید سیلاب کا خطرہ، متعلقہ اضلاع میں الرٹ جاری

لاہور: دریائے ستلج میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے متعلقہ اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فوری الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور، ساہیوال، بہاولپور، ملتان اور ڈی جی خان کے کمشنرز کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، لودھراں، بہاولپور، ملتان اور مظفرگڑھ کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نے تمام ضلعی انتظامیہ، واسا، لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو سٹاک اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور فوری اقدامات کے لیے تیار ہوں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور ریسکیو ٹیموں کو حساس علاقوں میں پہلے سے تعینات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریا کے کنارے جانے سے گریز کریں، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوراً ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔

ٹیگز: