Wed, September 16, 2026

پی ایس ایل 11: آخری اوور کے سنسنی خیز مقابلے میں حیدرآباد کنگزمین کی جیت، فائنل کیلئے کوالیفائی

پی ایس ایل 11: آخری اوور کے سنسنی خیز مقابلے میں حیدرآباد کنگزمین کی جیت، فائنل کیلئے کوالیفائی

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے ایلیمینیٹر ٹو میں ایک نہایت سنسنی خیز اور آخری لمحے تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو صرف 2 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اب فائنل اتوار کو پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔ اوپنر عثمان خان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 61 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں 10 دلکش چوکے شامل تھے۔ کپتان مارنس لیبوشین نے 39 رنز بنائے، صائم ایوب نے 38 اور کوشل پریرا نے 37 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط مجموعے تک پہنچایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

187 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 184 رنز تک محدود رہی۔ مارک چیپمین نے 43 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، ڈیون کونوے نے 30، شاداب خان نے 22 اور کرس گرین نے 21 رنز بنائے۔

حیدرآباد کنگزمین کی طرف سے حنین شاہ اور محمد علی نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن خان، صائم ایوب اور عاکف جاوید نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی حنین شاہ قرار پائے جنہوں نے 4 اوورز میں 37 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں اور آخری اوور میں انتہائی نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے اسلام آباد کو ہدف تک پہنچنے سے روک دیا۔

میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا تھا کہ دباؤ میں بہتر کھیل پیش کرنے والی ٹیم کامیاب ہوگی، جبکہ حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لیبوشین نے اعتماد ظاہر کیا تھا کہ ان کی ٹیم ہر صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
 
 
 

ٹیگز: