اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے دور رس فیصلے کیے۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے اکیڈمی کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کو عالمی معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔
وزیر داخلہ نے اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کو ادارے کی کارکردگی کے لیے کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ اکیڈمی کو جدید ترین تربیتی آلات اور سہولیات سے لیس کیا جائے گا تاکہ افسران کو بین الاقوامی سطح کی تربیت مل سکے۔
محسن نقوی نے ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے دسمبر 2026 تک کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ سال کے اختتام تک ادارے کی ہیئت تبدیل کرنا ہمارا بنیادی ہدف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سائبر کرائمز اور پیچیدہ تحقیقات کے لیے ادارے کو ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
نئی بھرتیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا "نئی بھرتیوں میں میرٹ اور شفافیت کا بول بالا ہوگا۔ کسی بھی سطح پر سفارش یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایف آئی اے جیسے حساس ادارے میں صرف باصلاحیت نوجوانوں کی شمولیت ہی اسے ایک مضبوط ادارہ بنا سکتی ہے۔