ہماچل پردیش:بھارت کی شمالی ریاستوں میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں نے تباہ کن صورت اختیار کر لی ہے۔ خاص طور پر ہماچل پردیش کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے، جہاں اب تک 320 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
پنجاب، دہلی، اترپردیش اور اتراکھنڈ میں بھی شدید بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ پنجاب کے 12 اضلاع میں سینکڑوں مکانات اور سڑکیں زیرِ آب آ چکی ہیں جبکہ لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
دریائے جمنا کی سطح دہلی میں خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے اور سکول و دفاتر بند کر دیے گئے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ سات دنوں کے دوران مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کام جاری ہیں۔