راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی دراندازی کی دو الگ کوششیں ناکام بناتے ہوئے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔ ضلع مہمند میں سرحد پار سے داخل ہونے والے دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے بعد فورسز نے بروقت کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں بھی دراندازی کی ایک اور کوشش کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا گیا، جہاں شدید جھڑپ کے دوران مزید 5 خوارج ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان حکام کو اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشنز بدستور جاری ہیں۔