اسلام آباد: پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان کی مرکزی پوسٹ پر قبضہ کر کے دشمن کے کمپاؤنڈز کلیئر کر دیے ہیں۔ کارروائی کی خصوصی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں پاکستانی جوانوں کی بہادری نمایاں ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان سے ملحقہ سرحدی باڑ عبور کرنے کے بعد پاک فوج نے افغان طالبان کی مرکز پوسٹ کی جانب پیش قدمی کی، جس پر طالبان فورسز فرار ہو گئے۔
پاک فوج نے بھرپور کارروائی کے دوران دشمن کے جھنڈے اتار دیے اور افغان طالبان کے مختلف مقامات پر قبضہ قائم کیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ آپریشن تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف کے مکمل حصول تک جاری رہے گا۔
جمعرات کی رات افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی افواج نے کابل، قندھار، پکتیا اور دیگر علاقوں میں موجود عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق، اب تک 352 طالبان ہلاک اور 535 سے زائد زخمی ہوئے، 130 چیک پوسٹیں تباہ کی گئی ہیں اور 26 پر پاکستان کا کنٹرول قائم ہوا۔ علاوہ ازیں، طالبان کے 171 ٹینک اور آرمڈ وہیکلز تباہ کیے گئے اور 41 مقامات کو فضائی کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
یہ آپریشن پاک فوج کی موثر حکمت عملی اور سرحدی تحفظ کی صلاحیت کا مظہر ہے، جو بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور جواب فراہم کر رہا ہے۔