پشاور / راولپنڈی :پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی اور پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوششوں پر افواجِ پاکستان نے "آپریشن غضب للحق" کے تحت فیصلہ کن جوابی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس کارروائی میں پاک فضائیہ اور زمینی دستوں نے دشمن کی دفاعی لائن کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
پاک فضائیہ کی کارروائی کے نتیجے میں افغانستان کے صوبہ لغمان میں افغان طالبان کا ایک بڑا اسلحہ ڈپو، اے بی ایف بٹالین ہیڈکوارٹر اور ننگرہار بریگیڈ مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں۔مہمند سیکٹر کے قریب سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنا کر اسے مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستانی فورسز کے مربوط ردعمل نے دشمن کے عسکری ڈھانچے کو مفلوج کر دیا ہے اور انہیں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ کا جواب ہیں اور پاکستان عالمی قوانین کے مطابق صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک سرحدی جارحیت کا خاتمہ نہیں ہوتا، آپریشن غضب للحق پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔