نئی دہلی: انڈین نیشنل کانگریس کے میڈیا چیئرمین پون کھیرا نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ بھارت آج عالمی سطح پر تنہا ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں سفارتی میدان میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جیسے کہ کویت نے پاکستان پر ویزا پابندیاں ختم کر دی ہیں اور کولمبیا نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط کیے ہیں۔
پون کھیرا نے مودی سے سخت سوال کیا کہ کیا آج کوئی ایسا ملک ہے جو بھارت کے ساتھ کھڑا ہو؟ انہوں نے بتایا کہ روس نے پاکستان کے ساتھ 2.6 ارب ڈالر کے معاہدے کیے ہیں اور خلیجی ممالک بھی پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین اور روس پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ امریکہ بھارت کو دھمکیاں دے رہا ہے، جو مودی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی واضح مثال ہے۔ پون کھیرا نے مودی حکومت پر الزام لگایا کہ جو لوگ ملک کی خارجہ پالیسی یا سلامتی پر سوال اٹھاتے ہیں، انہیں غدار قرار دیا جاتا ہے، حالانکہ ان مسائل پر بحث ہونا ضروری ہے۔
دفاعی تجزیہ کار نے بھی کہا کہ آپریشن سندور کے بعد پاکستان نے سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور بھارت تنہائی میں گھرا ہے، جسے مودی حکومت چھپانے میں ناکام ہے۔