لندن :یورپ اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جہاں درجہ حرارت کئی دہائیوں کے ریکارڈ توڑ رہا ہے۔ پرتگال کے علاقے مورا میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، جبکہ سپین میں پہلی بار 1965 کے بعد درجہ حرارت 46 ڈگری تک جا پہنچا۔
اٹلی، یونان، سپین اور پرتگال میں گرمی کی شدت کے باعث ایمرجنسی الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔ اٹلی کے بڑے شہروں روم، میلان اور نیپلز سمیت 21 شہروں کو ہائی ہیٹ الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے کئی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اور حکام نے دن کے وقت باہر سرگرمیاں محدود کرنے پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں گزشتہ روز سال کا سب سے گرم دن گزرا، جہاں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس کی وجہ سے اورنج الرٹ جاری کیا گیا اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔
برطانیہ میں بھی جون کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، مانچسٹر میں درجہ حرارت 35 ڈگری تک جا پہنچا۔ جنگلات میں آگ لگنے کے خدشات کے باعث متعدد جگہوں پر وائلڈ فائر وارننگز جاری کی گئی ہیں۔
لوگ گرمی سے بچنے کے لیے ساحلوں کا رخ کر رہے ہیں، اور حکام نے پانی زیادہ پینے اور دھوپ سے بچنے کی ہدایات دی ہیں۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے اس قسم کی ہیٹ ویوز کا خطرہ مستقبل میں مزید بڑھ سکتا ہے۔