Thu, September 17, 2026

وزیر داخلہ محسن نقوی کا ماڈل جیل کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ

وزیر داخلہ محسن نقوی کا ماڈل جیل کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے اسلام آباد میں 14 سال سے زیر تکمیل ماڈل جیل کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور اس منصوبے کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ماڈل جیل کے پہلے مرحلے کو اس سال کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ اس مرحلے میں جیل میں 1500 قیدیوں کی گنجائش رکھی جائے گی، اور ساتھ ہی 90 دن کے اندر دو اضافی بیرکوں کی تعمیر کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں 34 بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال اور مین کچن کو جلد مکمل کیا جائے، تاکہ وہاں کی سہولتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت دی گئی کہ وہ جیل کے سٹاف کی تعیناتی کے لیے ایک مکمل پلان پیش کریں۔

یاد رہے کہ اس جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2011 میں شروع ہوا تھا، لیکن مختلف مسائل کی وجہ سے یہ منصوبہ کئی سالوں تک التوا کا شکار رہا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر، اے ڈی سی جی، سی ڈی اے حکام، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے۔

ٹیگز: