مکہ مکرمہ: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے منیٰ کی خیمہ بستی میں قائم پاکستانی حجاج کرام کے کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں عازمین کو فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کا خود جائزہ لیا۔ وزیرِ داخلہ نے حجاج کے خیموں کا معائنہ کیا اور عازمین سے رہائش، صفائی اور کھانے پینے کے معیار سے متعلق براہِ راست فیڈ بیک لیا۔
محسن نقوی نے کیمپ میں موجود بزرگ حجاج کرام سے الگ سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مناسکِ حج کی ادائیگی کے حوالے سے خیریت دریافت کی۔حجاج سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ "ہر حاجی ہمارے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے"۔ انہوں نے حج عملے کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حجاج کے مسائل کے فوری حل کے لیے عملہ ہر وقت موقع پر موجود رہے۔
پاکستانی حجاج کرام نے وزیرِ داخلہ کی کیمپس آمد اور انتظامات کی خود نگرانی کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔