Wed, September 16, 2026

غیر قانونی افغان باشندوں کو ہر صورت واپس بھیجا جائے گا: محسن نقوی

غیر قانونی افغان باشندوں کو ہر صورت واپس بھیجا جائے گا: محسن نقوی

لاہور : وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان شہری اب مہمان نہیں رہے اور انہیں لازماً واپس جانا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک میں حالیہ دہشت گرد حملوں میں افغان باشندوں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں، اس لیے غیر قانونی رہائش ختم کرنا ضروری ہو چکا ہے۔

محسن نقوی کے مطابق ایف سی اہلکاروں پر حملہ کرنے والے تین افراد اور اسلام آباد کچہری حملے کا مبینہ حملہ آور بھی افغان شہری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مزید دھماکے برداشت نہیں کر سکتے، اسی لیے غیر قانونی افغان مہاجرین کا انخلا تیزی سے جاری ہے اور جہاں کیمپ موجود ہیں وہاں بھی مرحلہ وار ختم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو عزت و احترام کے ساتھ واپسی کا موقع دیا جا رہا ہے، تاہم جو لوگ زبردستی واپس بھیجے جانے کے بعد دوبارہ آئے تو انہیں گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پر جھوٹی معلومات کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ 90 فیصد خبریں حقائق کے برعکس ہوتی ہیں، اس لیے فیک نیوز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ ان کے مطابق نیشنل میڈیا قواعد کے تحت کام کرتا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی نظم و ضبط ضروری ہو چکا ہے۔

انہوں نے تنبیہ کی کہ قومی سلامتی سے متعلق غلط معلومات، افواہوں یا شخصی تذلیل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بیرون ملک بیٹھ کر اداروں کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈا کرنے والوں کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور انہیں جلد وطن واپس لایا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ حکومت فیک نیوز پھیلانے والے عناصر کے خلاف موثر اور سخت اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔

ٹیگز: