Wed, September 16, 2026

اسلام آباد ایکسپریس حادثے کا شکار، 25 مسافر زخمی

اسلام آباد ایکسپریس حادثے کا شکار، 25 مسافر زخمی

لاہور:لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کالاشاہ کاکو کے قریب ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں کم از کم 25 مسافر معمولی زخمی ہوئے۔

ریلوے حکام کے مطابق، اسلام آباد ایکسپریس شام 6 بجے لاہور سے روانہ ہوئی تھی اور حادثہ کالاشاہ کاکو کے قریب پیش آیا، جہاں اچانک پٹڑی سے اترنے کے باعث کئی کوچز الٹ گئیں۔ اس حادثے کے بعد ریلوے ٹریک مکمل طور پر بند ہو گیا اور متعدد دیگر ٹرینوں کو راستے میں روکنا پڑا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق، زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم امدادی ٹیموں کی آمد میں تاخیر کے باعث مسافر خود ہی امدادی کاموں میں شریک رہے۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے کے اعلیٰ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

حادثے کی مکمل انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے اور 7 روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ریلوے ترجمان کے مطابق، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور متاثرہ ٹریک کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

ٹیگز: