Thu, September 17, 2026

صادق آباد میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کا حملہ، 5 اہلکار شہید

صادق آباد میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کا حملہ، 5 اہلکار شہید

صادق آباد : صادق آباد کے علاقے ماہی چوک کے قریب کچے کے ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا جس میں 5 ایلیٹ پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جب کہ 2 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق، درجنوں ڈاکوؤں نے رات کے وقت پولیس پوسٹ پر اچانک حملہ کیا۔ ڈاکوؤں کی جانب سے راکٹ لانچر کا استعمال بھی کیا گیا، جس کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو مارا گیا۔

شہید ہونے والے اہلکاروں میں محمد عرفان، محمد سلیم، خلیل احمد، غضنفر عباس اور نخیل حسین شامل ہیں۔ یہ اہلکار گزشتہ چھ ماہ سے کچے کے علاقے میں ڈیوٹی پر تھے۔ ان کی تدفین مکمل اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

ڈی پی او عرفان علی سموں نے ڈاکوؤں کو واضح پیغام دیا کہ وہ ریاست اور قانون سے بالا نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ڈاکوؤں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچا کر دم لے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس چوکی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان پولیس جوانوں نے جانوں کی قربانی دے کر شہادت کا اعلیٰ مرتبہ حاصل کیا ہے، اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ٹیگز: