بنوں :خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں واقع فتح خیل پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے رات گئے حملہ کر دیا، جس میں ایک بہادر پولیس اہلکار شہید جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد مارے گئے، جبکہ دیگر حملہ آور فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں نے چوکی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت کانسٹیبل نیاز کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی اہلکاروں میں منیر، سوداد اور مفتی محمود شامل ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار ہر محاذ پر دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں، اور ایسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پولیس نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور تین حملہ آوروں کو انجام تک پہنچایا۔