اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد 29 جولائی 2026 سے لاگو ہونے والی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
وزارت توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ اور قیمتوں کے تعین کے مقررہ فارمولے کے تحت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 55 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 388 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں بھی ایک روپے 63 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول اب 335 روپے 81 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 334 روپے 18 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 386 روپے 83 پیسے مقرر تھی۔
حالیہ اضافے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے، جس کا براہ راست اثر صارفین کے اخراجات پر پڑے گا