Wed, September 16, 2026

چینی کمپنی کا دنیا کے پہلے "روبوٹ فون" کی رونمائی کا اعلان، تاریخ بھی جاری

چینی کمپنی کا دنیا کے پہلے

بیجنگ: چین کی ایک معروف ٹیکنالوجی کمپنی نے اسمارٹ فونز کی دنیا میں ایک نئی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے دنیا کے پہلے "روبوٹ فون" کو متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ منفرد ڈیوائس 12 اگست کو چین میں باضابطہ طور پر لانچ کی جائے گی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس فون کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا خودکار انداز میں حرکت کرنے والا جدید کیمرہ سسٹم ہے۔ روایتی موبائل فونز کے برعکس اس کا کیمرہ ایک ہی جگہ محدود نہیں رہے گا بلکہ ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران مختلف سمتوں اور زاویوں پر گھوم کر فریم کو خود ایڈجسٹ کرے گا، جس سے صارفین کو پروفیشنل ویڈیو گرافی جیسا تجربہ حاصل ہوگا۔

فون کے اوپری حصے میں نصب خصوصی کیمرہ یونٹ ضرورت پڑنے پر خود بخود باہر آجائے گا اور متعدد زاویوں پر گھومنے کی صلاحیت رکھے گا۔ مصنوعی ذہانت (AI) سے تقویت یافتہ یہ نظام سامنے موجود شخص یا حرکت کرتی کسی بھی چیز کو خودکار طور پر شناخت کرتے ہوئے مسلسل فریم میں برقرار رکھے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر صارف چلتے ہوئے ویڈیو بنائے تو کیمرہ اس کی رفتار اور سمت کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کرتا رہے گا، جس کے نتیجے میں ویڈیوز زیادہ ہموار، مستحکم اور سنیما معیار کے قریب ہوں گی۔

فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے اس فون میں ٹرپل ریئر کیمرہ سیٹ اپ فراہم کیا گیا ہے، جس کا مرکزی لینس 200 میگا پکسل سینسر پر مشتمل ہوگا۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ طاقتور کیمرہ نہ صرف انتہائی باریک تفصیلات کے ساتھ ہائی ریزولوشن تصاویر کھینچنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ دور دراز موجود مناظر اور اشیا کو بھی غیر معمولی وضاحت اور شفافیت کے ساتھ محفوظ کر سکے گا۔

ٹیگز: