اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چینی گارمنٹس کمپنی چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور پاک چین دوستی پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا میں ایک خاص مثال ہے، دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اور اب وقت ہے کہ اس دوستی کو اقتصادی میدان میں مزید آگے لے جایا جائے۔
انہوں نے چیلنج فیشن گروپ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیا اور کمپنی کی جانب سے خصوصی اقتصادی زون قائم کرنے کے منصوبے کو سراہا۔ وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ کمپنی کو مکمل سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ منصوبے کو جلد عملی شکل دی جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل کے شعبے میں چین کی ترقی سے سیکھنا چاہتا ہے اور صنعتی تعاون بڑھانے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی پاکستان اور چین کے تاجروں کے درمیان ایک بزنس ٹو بزنس کانفرنس منعقد کی جائے گی تاکہ نجی شعبے میں بھی روابط بڑھائے جا سکیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر سی پیک کے صنعتی فیز کو تیزی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں چینی صنعتوں کی موجودگی سے روزگار، برآمدات اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔